مکہ مکرمہ میں قتل کا مجرم آخری لمحے میں گردن زنی سے بچ گیا

مکہ مکرمہ(اے ون نیوز)مکہ مکرمہ کی مسجد التنعیم کے قریب قتل کا مجرم آخری لمحے میں گردن زنی کی سزا سے بچ گیا۔سعودی میڈیا کے مطابق قتل کے سعودی مجرم کا سر قلم کیا جانا تھا اور مقتول کے ورثاء بھی سزا پر عملدرآمد کیلئے مقررہ مقام پر پہنچ چکے تھے۔

اس دوران مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کی بھی کثیر تعداد جمع تھی جب کہ سزا کے خوف سے قاتل کا چہرہ بھی زرد پڑگیا تھا۔سزا پر عملدر آمد سے چند ہی لمحوں قبل مقتول کے ورثاء نے قاتل کو معاف کرنے کا اعلان کیا جس پر پورا مجمع ہی حیران رہ گیا۔

مقتول کے ورثاء نے کہا کہ اللہ کی رضا کیلئے اپنے عزیز کے قاتل کو معاف کرتے ہیں۔مقتول کے ورثاء کے اعلان کے ساتھ ہی ہر طرف سے اللہ اکبر اور فریقین کو مبارکباد کی صدائیں گونجنے لگیں۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں قتل اور منشیات اسمگلنگ سمیت متعدد جرائم کی سزا موت ہے اور وہاں سزائے موت کا طریقہ سرقلم کیا جانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں