متحدہ عرب امارات: گھر میں آگ لگنے سے 6 پاکستانی جاں بحق

0
233

ابو ظہبی(اے ون نیوز) دُبئی کے علاقے العین میں واقع ایک وِلا میں گزشتہ روز اچانک آگ بھڑکنے کے باعث 6 پاکستانی جھُلس کر جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق جس وقت وِلا میں آگ بھڑکی توصحیح سلامت وِلا سے باہر آنے والے افراد نے بروقت پولیس کو اطلاع نہ دی جس کے باعث آگ پھیلتی چلی گئی اور گھر میں موجود دیگر افراد کو بچایا نہ جا سکا۔

موقع پر موجود دو افراد نے خود ہی آگ بجھانے کی کوشش کی، مگر آگ کی شدت کے باعث اس پر قابو نہ پا سکے۔ پولیس کے مطابق اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں میں 23 سالہ عمر، اُس کا بڑا بھائی 27 سالہ خرم، اُن کا والد فاروق جو کہ پچاس سال سے زائد عمر کا تھا، ان کے علاوہ اُن کا ایک رشتہ دار علی حیدر اور دو دوست خیال افضل اور عید نواز شامل ہیں۔

اس حادثے میں واحد زندہ بچ جانے والے محمد رحیم نے بتایا کہ وہ باتھ رُوم کے اُوپر بنی ایلومینیم کی چھت پھاڑ کر باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔ اُس نے عمر کو بھی باہر نکالنے کی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہو سکا۔امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر چھ افراد کو باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا، مگر وہاں اُن کی موت کا اعلان کرد یا گیا۔حادثے کا شکار بننے والے بدنصیب خاندان کے ایک قریبی دوست نے بتایا کہ عمر اور خرم دونوں امارات میں فرنیچر کا کام کرتے تھے، ان دونوں بدنصیب بھائیوں کی صرف چھ ماہ قبل پاکستان میں شادی ہوئی تھی۔ جبکہ خاندان کے سربراہ فاروق کے چار بچے اور بیوی چند ماہ قبل ہی پاکستان واپس گئے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here