مانچسٹر،بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر ظلم و بر بریت کے پہاڑ گرا رہی ہے ،سردار لطیف کھوسہ،چودھری یٰسین

مانچسٹر ( شکیل قمر ) کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،کشمیری عوام سالہاسال سے آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں ،ایک دن کشمیر آزاد ہوکر رہے گا ،پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی بھر پور حمائت کی ہے ،بھارت کی افواج جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پرظُلم و بر بریت کے پہاڑ گرا رہی ہے اور معصوم کشمیری عورتوں ،بچوں اور جوانوں کو اسرائیل ساختہ پیلٹ گنوں سے زند گی بھر کے لئے اَپاہج کیاجارہا ہے ،

اِن خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی گریٹر مانچسٹر اور خواجہ کلیم الرحمن کی طرف سے جموں و کشمیر کے شہداء کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لئے منعقد کئے گئے جلسہِ عام سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا ، پاکستان کے سابق اٹارنی جنرل اور پنجاب کے سابق گورنر سردار لطیف کھوسہ نے جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے اقوامِ متحدہ کے ساتھ ساتھ ساری دنیا کے سامنے کشمیر کے مسلے کو اُجاگر کیا ،قائد عوام نے اسلامی اُمہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے لاہور میں اسلامی کانفرنس منعقد کی،اُنہوں نے تمام مسلمان سربراہوں کو کشمیر اور پاکستان کے دیگر مسائل پر اعتماد میں لیا مگر سامراجی قوتوں کو یہ پسند نہیں آیا اور اس پاداش میں بھٹو کو تختہِ دار پر لٹکا دیا گیا ،سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ 1965ء میں پاکستان بھارت کے ساتھ جنگ جیت چکا تھا ،مگر ایوب خان نے تاشقند مین جاکر جیتی ہوئی جنگ ہار دی اسی لئے ذوالفقار علی بھٹو نے حکومت سے الگ ہو کر اپنی جماعت بنالی اور پاکستان کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد شروع کی ،اُنہوں نے کہا کہ بھٹو کے بعد آج تک پاکستان میں کوئی دیم نہیں بنا یا گیا ،بلکہ ایک ڈکٹیٹر نے خاموشی سے تین دریا بھارت کے حوالے کر دیئے ،آج پاکستان کو پانی کی بوند بوند کے لئے محتاجی کا خطرہ سر پر منڈلارہا ہے ،

پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری یٰسین نے کہا کہ آج ہم جموں و کشمیر کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں ،اُنہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کی جنگ جیت کر رہیں گے ،دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو اُن کے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی وہ بہت جلد آزادی حاصل کر کے رہیں گے ،پاکستان پیپلز پارٹی گریٹر مانچسٹر کے کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لئے منعقد کئے گئے اس جلسہِ عام سے پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری ،پیپلز پارٹی برطانیہ کے سینئر نائب صدر خواجہ کلیم الرحمن ،پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کی خاتون رہنماء انجم جلال ،آفتاب باغی ، چودھری بشیر ، چودھری سعید اور دوسرے بہت سے رہنماوں نے خطاب کیا ،جلسہ میں شرکت کے لئے برطانیہ کے مختلف علاقوں سے جیالوں اور کشمیریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کر کے اپنے جذبہء حُب الوطنی کا ثبوت دیا

،پیپلز پارٹی کے جن مقامی رہنماؤں نے جلسہِ عام میں شرکت کی اُن میں سیکریٹری جنرل رانا حمید ،عالم پنوار ،گلزار خان ، رضیہ چودھری ،مسز غزالہ گلزار،ڈپٹی لارڈ میئر مانچسٹر عابد چوہان ، مقدسہ بانو اورامجد مغل بھی شامل تھے ،اِن کے علاوہ مانچسٹر کے دیگر معززین نے بھی جلسہ میں شرکت کی جن میں راجہ راسب خان ، نغمانہ کنول شیخ ،امتیاز شیخ ،ممتاز احمد خان ،چودھری طفیل ،عبدالرزاق،محمد اقبال صدیقی اور بہت بری تعداد میں کشمیری رہنماؤں نے بھی شرکت کی ،آخر میں خواجہ کلیم الرحمن کی طرف سے جلسہ عام کے تمام شرکاء کو پُر تکلف عشائیہ دیا گیا ،اس طرح پروگرام کے بعد سردار لطیف کھوسہ آئر لینڈ کے لئے روانہ ہو گئے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں