ہیلی کاپٹر کیس،عمران خان نیب خیبرپختونخوا میں پیش

پشاور(اے ون نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ہیلی کاپٹر کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا کے سامنے پیش ہوئے، جہاں ان سے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک پوچھ گچھ کی گئی۔

اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر بھی ان کے ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ نیب خیبر پختونخوا نے 3 اگست کو عمران خان کو صوبائی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے الزام میں آج طلب کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے 15 سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ عمران خان کو دیا گیا۔اس کیس کے سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور ایوی ایشن حکام سے بیانات پہلے ہی قلمبند کیے جاچکے ہیں۔ یاد رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا نوٹس لیا تھا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے فی گھنٹہ کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ایک رپورٹ کے مطابق عمران خان اگر پرائیوٹ کمپنیوں سے ہیلی کاپٹرز حاصل کرتے تو ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 10 سے 12 لاکھ روپے جب کہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں