شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف اشتہاری قرار

لاہور(اے ون نیوز) احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل کے ملزم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کے داماد عمران علی یوسف کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جج سید نجم الحسن نے کی۔ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ پیش ہوئے اور عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دینے کے لئے عدالت میں درخواست جمع کرائی۔

درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ عمران علی یوسف کو پنجاب پاور کمپنی میں مبینہ کرپشن کے الزام میں بارہا طلب کیا گیا لیکن وہ متعدد بار پیش نہ ہوئے، چیئرمین نیب نے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔ وہ اب بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں عدالت عمران علی یوسف کو اشہاری قرار دے۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے نیب کی استدعا پر عمران علی یوسف کو اشہاری قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ عمران علی یوسف پر آمدن سے زائد اثاثہ جات، گلبرگ کے علاقے میں کمرشل پلازہ کی ملکیت اور پاور کمپنی کیس میں کرپشن میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں