بائولنگ کوچ نے محمد عامر سے بہتر کھیل کا مطالبہ کر دیا

لندن(اے ون نیوز) پاکستانی بولنگ کوچ اظہر محمود نے فاسٹ بولر محمد عامر سے نئی گیند کے ساتھ ’’ڈومور‘‘ کا مطالبہ کردیا۔اظہر محمود بدستور عامر کے ناقص کھیل اور فٹنس مسائل پر پانچ برس کی کرکٹ سے دوری اور ڈراپ کیچز کا پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، فکسنگ میں جیل کی ہوا کھانے والے پیسر کو دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں آئے ہوئے تین برس ہونے والے ہیں۔

بولنگ کوچ نے کہاکہ دورئہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوران عامر کچھ فٹنس مسائل کا شکار ہوئے مگر ہمارے فزیو کی کوشش سے کافی بہتر ہوچکے، وہ اسی وجہ سے تینوں ٹیسٹ کھیلنے کے قابل ہوگئے مگر انھیں بدستور اپنی فٹنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ وہ پانچ برس کی غیرحاضری کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے ہیں، ہم سب عامرکی فٹنس بہتر بنانے کیلیے کوشاں ہیں۔

اظہر محمود نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پیسر کافی باصلاحیت ہیں مگر انھیں نئی گیند کے ساتھ کچھ زیادہ اسٹرائیک کی ضرورت ہے، بدقسمتی سے ان کی بولنگ پر کچھ کیچز بھی ڈراپ ہوئے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ اننگز کے آغاز پر کچھ زیادہ موثر ثابت ہوں، اگر وہ نئی گیند کے ساتھ مستقل مزاجی سے اسٹرائیک کرتے رہے تو دوسرے بولرز پر سے دبائو کم ہوگا وہ وہ زیادہ اچھا پرفارم کریں گے۔

اظہر محمود نے کہاکہ عامر کی کلائی پوزیشن میں کچھ مسئلہ ہے جس کو ہم دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امید ہے کہ اس ایک ماہ کے وقفے سے وہ مختلف اور زیادہ موثر بولر کے طور پر سامنے آئیں گے۔

محمد حفیظ کے بارے میں بولنگ کوچ نے کہاکہ کوئی بھی ان کی صلاحیتوں پر انگلی نہیں اٹھاسکتا مگر ٹیم منیجمنٹ سمجھتی ہے کہ ہمیں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے،اس لیے ہم حفیظ کو امام الحق کے بیک اپ اوپننگ بیٹسمین کے طور پر لے رہے ہیں، نوجوان اوپنر 9 ون ڈے میچز میں 4 سنچریاں اسکور کرچکے، اتنا اچھا کھیلنے والے پلیئر کو ڈراپ نہیں کیا جا سکتا، اس کے ساتھ ٹیم منیجمنٹ یہ بھی دیکھنا چاہتی ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کہاں موجود ہے،محمد حفیظ کو زمبابوے میں ون ڈے نہ کھلانے کی اور کوئی بھی وجہ نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں